کلرسیداں(نامہ نگار)کلر سیداں پولیس نے اڑھائی ماہ قبل دوہرے قتل کے اندھے مقدمے کا سراغ لگا کر دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔انچارج ایچ آئی یو سب انسپکٹر حفیظ اللہ خان کے مطابق لیاقت علی سکنہ دوبیرن کلاں اور اس کے ساتھی عبدالرحمان سکنہ ماڈل ٹان ہمک نے معمولی تلخ کلامی پر سدا کمال پل پر گولیاں مار کر مسافر گاڑی کے ڈرائیور راجہ عاصم اور کنڈیکٹر ارباب مجید کو قتل کر دیا تھا جس کے بعد تھانہ کلر سیداں پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ انہوں نے مخبر خاص کی اطلاع پر ملزمان کو شک کی بنا پر گرفتار کیا جنہوں نے دوران تفتیش ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔یاد رہے کہ12جون کو ملزمان نے ڈرائیور عاصم اور کنڈیکٹر ارباب مجید پر اس وقت فائرنگ کی تھی جب وہ دوبیرن کلاں میں سواریاں اتارنے کے بعد اپنے ٹیوٹا ہائی ایس میں واپس آ رہے تھے جس کے نتیجے میں ڈرائیور عاصم موقع پر جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ کنڈیکٹر ارباب مجید دوسرے دن ہسپتال میں جان کی بازی ہار گیا تھا۔پولیس ملزمان کے دیگر دو ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔دریں اثنا پولیس نے دوران گشت ایک مشکوک گاڑی کو روک کر گلفام حیدر نامی ڈرائیور کی تلاشی پر پسٹل 30بور، 06ضرب روند اور آہنی مکہ برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
کلر سیداں ،اڑھائی ماہ قبل دوہرے قتل کے اندھے مقدمے کا سراغ لگالیاگیا
Aug 09, 2024