سپیکرکی پارلیمنٹ لاجز کی توسیع کے منصوبے کو بلا تاخیر مکمل کرنے کی ہدایت

Aug 09, 2024

اسلام آباد(خبرنگار)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ لاجز کی توسیع کے منصوبے کو بلا تاخیر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہے اگر مزید تاخیر ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی ۔ جمعرات کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے منصوبے کی لاگت میں اضافے کا بھی سخت نوٹس لیا اور منصوبے کو جلد از جلد اور کم سے کم پیسوں میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کی تعمیر اور لاگت کے حوالے سے مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ منصوبے کی تاخیر کی وجہ سے ارکان پارلیمنٹ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور وہ متعد بار اس حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار بھی کر چکے ہیںسیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی کی خصوصی کاوشوں سے پارلیمنٹ لاجز میں توسیع کا منصوبہ پر کام جاری ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے منصب سنبھالتے ہی اس منصوبے کو فوری مکمل کرنے کا حکم دیا تھا اوراس منصوبے کے حوالے سے متعلقہ اداروں سے متعدد بار میٹنگز کیں۔ سپیکر کی کاوشوں کی بدولت منصوبے کی تعمیر کے لیے مطلوبہ فنڈز بھی فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ سپیکر نے تاخیر کی صورت میں تمام متعلقہ اداروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حکم دے دیا ہے۔ سی ڈی اے نے سپیکر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں توسیع کا فیز ون موجودہ مالی سال میں مکمل ہو جائے گا۔ سپیکر نے پارلیمنٹ لاجز میں توسیع کا فیز ٹو اگلے مالی سال تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ گزشتہ ادوار میں فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث منصوبہ تعطل کا شکار رہا ۔موجودہ بجٹ میں موثر کفایت شعاری کر کے کئی سالوں سے رکے اس منصوبے کے لیے مطلوبہ فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں