لاہور (خصوصی رپورٹر) نارووال سے پنجاب اسمبلی کے نومنتخب رکن عمر شریف نے کہا ہے کہ ان کی فتح مسلم لیگ ق کے قائدین کی مرہون منت ہے جنہوں نے انہیں پنجاب اسمبلی کے چیف لوٹے کے والد کے مقابلہ میں ٹکٹ دیکر کامیاب کروایا۔ وہ مسلم لیگ ق کے صدر سنیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر اظہار تشکر کیلئے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی طارق انیس، حاجی محمد عبدالحمید، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری صوفی محمد انور اور چودھری ہمدون بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب کے حکمرانوں کی لوٹا سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ مسلم لیگ ق کا اتحاد آئندہ جنرل الیکشن میں مزید مضبوط ہو گا، 2008ءکے مقابلہ میں مسلم لیگ ق کے ووٹ بینک میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کوئی ایسی سیاسی شخصیت نہیں جو یہ کہہ سکے کہ وہ خیبر سے کراچی تک عوام میں مقبول ہے، اپنے آپ کو عوام میں مقبول سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، جلد ان کو پتہ چل جائے گا کہ عوام اس بار ان کے جھوٹے وعدوں پر اعتبار کرنے والے نہیں، ہماری پارٹی مسلم لیگ ق عوامی جماعت ہے، اس میں ہر ایک کو آزادی کا حق حاصل ہے۔