ووٹوں کیلئے سیاسی اتحاد بن رہے ہیں، کیا عافیہ کی رہائی کیلئے نہیں بن سکتا: فوزیہ صدیقی

Dec 09, 2012

لاہور (سپیشل رپورٹر) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی نے سیاستدانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹوں کی خرید و فروخت کے نتیجے میں قوم کی بیٹیوں کی عزت و آبرو بھی محفوظ نہیں رہی، ذاتی مفادات کے لئے انتخابی اتحاد بن رہے ہیں کیا عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے اتحاد نہیں بن سکتا۔ یہ باتیں انہوں نے لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کیں۔ اس موقع پر امریکہ کے پیس گروپ کی نمائندگی سارہ فلورنڈرز نے کہا کہ میں اس ملک سے تعلق رکھتی ہوں جو ملک یہاں ڈرون حملوں کا ذمہ دار ہے، امریکہ میں عافیہ کو بغیر کسی ثبوت سزا دی گئی۔ سنتھیا میکنی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے دہشت گردی کی جنگ کو طول دینے کے لئے عافیہ پر کیس چلایا تاہم حکومت پاکستان نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے امریکی حکومت کو لیٹر نہیں لکھا۔ اس موقع پر فوزیہ صدیقی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان، نوازشریف، زرداری سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ وہ عافیہ کو بہن تو کہتے ہیں یہ سارا زبانی جمع خرچ ہی لگتا ہے اس کی جگہ ان کی بیٹی ہوتی تو یہ چار سال انتظار کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اب حکمران کس منہ سے عوام سے ووٹ مانگنے جائیں گے جبکہ انہوں نے الیکشن سے پہلے عافیہ صدیقی کو پاکستان لانے کے عوام سے وعدے کئے تھے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومتیں ہمارے شہریوں کو اغیار کے حوالے کرتی رہی ہیں تاہم ریمنڈ ڈیوس کو چھوڑنے سے پہلے وہ عافیہ کو پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کر سکتے تھے۔ فوزیہ صدیقی نے کہا کہ حکمرانوں کو اس مسئلہ کو الیکشن تک ملتوی نہیں کرنا چاہئے اور اب وہ عوام کے پاس جا کر عافیہ صدیقفی کی رہائی کے لئے مہم چلائیں گی۔ 

مزیدخبریں