لاہور (کامرس رپورٹر+ایجنسیاں) پاکستان کے مایہ ناز ایٹمی سائنسدان اور تحریک تحفظ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ ملک بجلی کے بحران، بےروزگاری، امن و امان اور غربت جیسے حالات سے دوچار ہے جس کے لئے ملک میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ یہ تبدیلی گھر بیٹھے اور دعاﺅں سے نہیں آئیگی بلکہ دعا کے ساتھ دوا بھی ضروری ہے۔ عوام کو اب باہر نکل کر اپنا ووٹ کا درست استعمال کرنا ہو گا ورنہ پھر وہی چور لیٹرے جعلی ڈگریوں والے ملک پر حکمرانی سنبھال لینگے اور عوام کو کھانے کے لئے گھاس بھی میسر نہ ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ ایڈمرل (ر) جاوید اقبال کی تحریک تحفظ پاکستان میں شمولیت کے موقعہ پر ان کی رہائش گاہ پر خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر میں میدا ن میں آیا ہوں تا کہ ملک و قوم کی حالات بدلی جائے جس کے لئے ضروری ہے کہ تبدیلی لائی جائے۔ عمران کا سونامی گوشہ گمنامی میں جا رہا ہے کسی جعلی ڈگری الے کو اپنی جماعت میں شامل نہیں ہونے دیں گے۔ کالا باغ ڈیم بنا دیا جائے تو تمام مسائل سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی سربراہی میں ایک نئے سیاسی انتخابی اتحاد پر اتفاق کرتے ہوئے خاکسار تحریک نے تحریک تحفظ پاکستان کے ساتھ اتحاد قائم کر دیا ہے جبکہ سندھ کی پاکستان پیپلز موومنٹ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تحریک تحفظ پاکستان میں ضم ہو گی۔ اس کا اعلان موومنٹ کے چیئرمین دانش دینار نے کیا۔
ڈاکٹر قدیر کی سربراہی میں نیا سیاسی اتحاد قائم، پیپلز موومنٹ، تحریک تحفظ پاکستان میں ضم
Dec 09, 2012