فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کے ماسٹر مائنڈ راجہ رینٹل کا فیصل آباد میں ڈرامہ بری طرح فلاپ ہوا، وفاق کے زیرکنٹرول پی ٹی سی ایل، واپڈا اور سوئی گیس کمپنی کے چند سو بھوکے پیاسے ملازمین کو خطاب کرکے ان پڑھ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی راجہ ریاض اور راجہ پرویز اشرف آپس میں خوش ہوتے رہے۔ وہ ہفتہ کے روز یہاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران وزیراعظم کے جلسہ سے خطاب پر ردعمل ظاہر کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی قیادت کی ضمنی انتخابات کے بعد آنکھیں کھل جانی چاہئے تھیں، جس پارٹی میں راجہ ریاض جیسے ان پڑھ لیڈر موجود ہوں ان کو باہر سے کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ہماری خوش قسمتی ہے فیصل آباد ڈویژن میں ہمارا مقابلہ اس سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ منظور وٹو دنیائے سیاست کا عظیم لوٹا ہے، پنجاب میں ضمنی انتخاب کا ٹارگٹ پورا نہ کرنے پر اس کے آقا آصف زرداری نے مطلب پرست آستین کے سانپ کو پی پی پی سے فارغ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی پنجاب میں حکومت بنانے کے خواب دیکھنا چھوڑ کر سندھ پر توجہ دے کیونکہ سندھ بھی انکے ہاتھ سے جا رہا ہے وہ چند ماہ تک سندھ کارڈ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی بدترین شکست نے گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے اعصاب پر منفی اثرات مرتب کئے ہیں اور وہ ابھی تک خود کو انتخابی نتائج کے صدمے سے باہر نہیں نکال سکے ہیں۔گورنر پنجاب کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ دھاندلی کے الزامات لگانے کی بجائے پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں کو وفاقی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے۔ گورنر پنجاب کو دوسروں پر تنقید کرنے کی بجائے پیپلز پارٹی کی لوٹ مار ختم کرانے کی طرف توجہ دینی چاہئے۔
راجہ رینٹل کا فیصل آباد میں ڈرامہ بری طرح فلاپ ہوا : رانا ثناء
Dec 09, 2012