آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں تیسری پوزیشن کے لیے روایتی حریف پاکستان اور بھارت میدان میں اترے۔ ہاکی کی یہ اعصاب شکن جنگ پورے زور سے شروع ہوئی توایک دوسرے کے گول پوسٹ پرتابڑ توڑ حملے کیے گئے۔
بھارت نے گول کرکے سبقت حاصل کی تو مقابلہ سنسنی خیزہوگیا۔ جس کے بعد قومی ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور سٹار کھلاڑی رضوان سینیئر نے گیند کو بھارتی جال تک پہنچا کرمیچ برابرکردیا، کھیل کے دوران پاکستانی ٹیم حریف پرچھائی رہی اورگول کرنے کے متعدد مواقع پیدا کئے تاہم کامیابی نہ مل سکی۔ میچ کے دوسرے ہاف میں پاکستانی شاہین شروع سے ہی کھیل پرحاوی رہے جبکہ اس دوران شفقت رسول نے دوسرا گول کرکے میچ میں برتری حاصل کرلی۔ قومی ٹیم کی طرف پنلٹی کارنرپرعتیق نے تیسرا گول کرکے پاکستان کی کامیابی کو یقینی بنادیا۔
بھارت کی طرف سے دوسرا گول کھیل کے آخری لمحات میں پنلٹی کارنر پر کیاگیا۔ اس کامیابی کے بعد قومی ٹیم نے ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو تین دوسے شکست دے کرکانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔
Dec 09, 2012 | 13:17