لاہور (معین اظہر سے) لاہور میں جیلوں پر فضائی حملے کے خطرہ کے پیش نظر آئی جی جیل خانہ جات نے کیمپ جیل حدود کو نو فلائی زون قرار دینے کا مطالبہ کر دیا ہے اس سلسلہ میں ہوم سیکرٹری پنجاب کو لیٹر لکھا گیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سول ایوی ایشن کو درخواست کریں کہ وہ صوبائی دارالحکومت میں کیمپ جیل جس میں دہشت گردی، فرقہ وارانہ تشدد، کے ہائی پروفائل قیدی ہیں ان کے پیش نظر جیل کو نو فلائی زون قرار دے دیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات ڈی آئی جی انسپکشن کے دستخط سے ایک لیٹر ہوم سیکرٹری پنجاب کو لکھا گیا ہے۔ اس سے قبل وزیر اعظم ہاﺅس ، ایوان صدر، جی ایچ کیو اور اہم تنصیبات کو نو فلائی زون قرار دیا گیا تھا پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی جیل کو نو فلائی زون قرار دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اس لیٹر میں وجہ نہیں بتائی گئی کہ جیل میں فضائی دہشت گردی کا خطرہ ہے کہ نہیں تاہم لیٹر میں کہا گیا ہے کہ جیل میں تقریبا دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تقریبا 360 قیدی ہیں جبکہ ان میں سے بعض بہت ہائی پروفائل کیسوںمیں ملوث قیدی ہیں اسلئے جیل کو نو فلائی زون قرار دیا جائے۔ جیل خانہ جات کے ذرائع نے کہا ہے کہ جیلوں میں فضائی دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر نو فلائی زون قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے کیونکہ خطرہ ہے کہ دہشت گردی ہیلی کاپٹر یا دیگر فضائی مدد استعمال کر سکتے ہیں لیکن لیٹر میں اس چیز کا حوالہ نہیں دیا گیا ہے تاہم اس بارے لاہور شہر میں فضائی سہولت کے بارے جو چیزیں اکٹھی کی گئی ہیں ان کے مطابق والٹن ائیر پورٹ اور لاہور ائرپورٹ پر جہاز اور ہیلی کاپٹر کی سہولت حاصل ہے اور وہاں پر سکیورٹی کے انتظامات اور دیگر سہولیات کے پیش نظر ایسا کوئی بھی خطرہ نہیں ہے کہ کوئی دہشت گرد کوئی ہیلی کاپٹر یا جہاز وہاں سے چوری کر کے استعمال کر سکے تاہم ہیلی کاپٹر بھی شہر میں کم ہیں کہ دہشت گرد ہیلی کاپٹر کہاں سے لائیں گے۔ تاہم ہوم سیکرٹری پنجاب نے اس لیٹر کے بعد ابھی تک سول ایوی ایشن اتھارٹی کو لیٹر جاری کرنے کے احکامات جاری نہیں کئے ہیں اس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
نو فلائی زون مطالبہ