لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ صحت پنجاب کی عدم توجہ کے باعث پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی ڈاکٹرز کی سیٹوں میں 93 نشستوں کے اضافے کا نوٹیفکیشن تقریباً ڈھائی ماہ کے بعد بھی محکمہ خزانے کی طرف سے جاری نہ ہو سکا۔ جس کے باعث پنجاب بھر میں 93 پی جی ٹرینی ڈاکٹرز بغیر تنخواہ کے کام کررہے ہیں۔ متاثرہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 2012ء کی ینگ ڈاکٹرز کی 40 روزہ ہڑتال کے دوران ڈاکٹرز کی کمی پورا کرنے کیلئے اضافی ڈاکٹرز بھرتی کئے گئے تھے جس کے نتیجے میں پی جی ٹرینی کی سیٹس میڈیکل افسروں کی آسامیوں میں تبدیل کردی گئی جس کی وجہ سے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذاتی توجہ سے ڈاکٹرز کی تنخواہیں بحال کرائیں۔