شارجہ (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے افغانستان کو واحد ٹی ٹونٹی میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ افغان ٹیم شروع میں دباﺅ کا شکار رہی تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور اچھا ٹارگٹ بنانے میں کامیاب ہوئے۔ پہلی وکٹ 3 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد شہزاد 2 رنز بناکر سہیل تنویر کی گیند پر وکٹ کیپر عمر اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔ 7 کے مجموعی سکور پر دوسری وکٹ گری جب نوروز مینگل ایک رنز بناکرکیچ آﺅٹ ہوئے۔ اصغر سٹانکزئی نے 15، نجیب اللہ زدران 38، کپتان محمد نبی 15، سمیع اللہ شنواری16، گلبدین نائب 3، دولت زدران صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ میر وائز اشرف 28 اور حامد حسن 4 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔ جنید خان نے 3، سہیل تنویر نے 2، ذوالفقار بابر، بلاول بھٹی اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے ہدف 19.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ احمد شہزاد نے 35، شرجیل خان نے 18، عمر اکمل نے 28، صہیب مقصود نے 5 رنز بنائے۔ کپتان محمد حفیظ 42 اور شاہد آفریدی ایک رنز بناکر ناٹ آﺅٹ رہے۔ محمد نبی، دولت زدران اور سمیع اللہ شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔محمد حفیظ کا میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان کی طرف سے شرجیل خان نے ٹی ٹونٹی میں ڈیبیو کیا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان متحدہ عرب امارات میں ہی پہلا ٹی ٹونٹی میں 11 دسمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔ سری لنکن ٹیم بھی سیریز کھیلنے کیلئے پہنچ چکی ہے۔