لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا ہے کہ 2014 ءمیں مزید کامیابیاں سمیٹ کر ڈبلز میں نمبر پوزیشن ون حاصل کرنے کا ٹارگٹ ہے دوسری جانب نیشنل چیمپئن عقیل خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹینس کے روشن مستقبل کے لئے زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو سامنے لانا ہوگا۔ حسن طارق رحیم ٹینس ٹورنامنٹ کے اختتام پر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ آئندہ سال کے پہلے ٹورنامنٹ چنائی اوپن کے لئے سخت محنت کر رہا ہوں اور اس ٹورنامنٹ سے تیاری میں کافی مدد ملی۔گزشتہ چند برسوں کے دوران بین الاقوامی سطح پر ڈبلز مقابلوں میں میری کارکردگی خاصی بہتر رہی جس کے باعث عالمی رینکنگ میں چھٹی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا ۔تاہم اگلے برس گرینڈ سلام ایونٹ سمیت بڑی کامیابیاں حاصل کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ طویل عرصہ بعد اپنے ہوم کراﺅڈ کے سامنے کھیلنے کا موقع ملا۔ پہلا ڈیوس کپ بھی لاہور جمخانہ میں کھیلا تھا۔ نوجوان کھلاڑیوں میں خاصا ٹیلنٹ ہے لیکن بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لئے انہیں سخت محنت کی ضرورت ہوگی میری کوشش ہوگی کہ جب بھی ٹائم ملے ان کے ساتھ ضرور کھیلوں گا۔ اس موقع پر نیشنل چیمپیئن عقیل خان کا کہنا تھا کہ لاہور کو پاکستان ٹینس کی تاریخ میں ایک خاص مقام حاصل رہا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ ایک طویل عرصہ بعد لاہور جمخانہ میں اتنا اچھا ٹورنامنٹ منعقد ہوا۔ مجھے اعصام کا ڈبلز پارٹنر ہونے پر فخر ہے ہم دونوں نے ہمیشہ پاکستان ٹینس کیلئے بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کی ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کو سینئرز سے سیکھ کر آگے بڑھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
ڈیلز میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنا ٹارگٹ ہے: اعصام الحق
ڈیلز میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنا ٹارگٹ ہے: اعصام الحق
Dec 09, 2013