عمران کی درخواست منظور، سپیکر قومی اسمبلی کے حلقے میں ووٹوں کے تھیلے کھولنے کا حکم،15 روز میں رپورٹ طلب

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز) الیکشن ٹربیونل نے این اے 122 اور پی پی 147 میں ووٹوں کے بند تھیلے کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔ فاضل جج نے ریٹرننگ افسر کو 15 روز میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کر نے کی ہدایت کی ہے۔ ٹربیونل نے یہ حکم این اے 122 سے عمران کی طرف سے دائر انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے دوبارہ گنتی اور جانچ پڑتال کی درخواست پر دیا ہے۔ سماعت کے دوران الیکشن کمشن کے دفتر کے باہر پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بہت بڑی تعداد جمع تھی۔ دونوں طرف سے شدید نعرے بازی کی گئی۔ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تلخ جملوںکا تبادلہ ہوا۔ ٹربیونل نے 6دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ این اے 122کے ووٹوں کی جانچ پڑتال ریٹائرڈ ایڈیشنل سیشن جج غلام حسین اعوان پر مشتمل کمشن سے کروائی جائے۔ عمران کے وکیل نے کہا کہ انسپکشن آف ڈاکومینٹس میں بہت سی باتیں سامنے آئیں گی۔ اس میں یہ بھی سامنے آئے گا کہ تمام پولنگ سٹیشنز میں فارم 14، 15اور 16تھے، بیلٹ پیپر تھے یا نہیں۔ ٹربیونل کے فیصلے پر عمران نے کہا کہ یہی قدم بہت پہلے اٹھا لینا جانا چاہئے تھا، کتنا مشکل تھا ایسا کرنا۔ ڈیڑھ سال کے بعد جو ہوا ہے وہ تو پہلے ہفتے ہی میں ہو جانا چاہئے تھا۔ ٹربیونل نے عمران خان کو دوبارہ گنتی کے لئے پانچ لاکھ روپے، شعیب صدیقی کو دو لاکھ روپے فیس جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ ایاز صادق کے وکلاء نے ٹربیونل کے فیصلہ کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ این اے 122 کے تھیلے کھولنے کا حکم پہلے سے موجود ہے۔ تھیلے کھولنے کا حکم الیکشن کمشن کا فل بنچ پہلے ہی دے چکا ہے۔ مئی 2013ء کے عام انتخابات میں این اے 122سے سردار ایاز صادق 93362ووٹ لیکر کامیاب ہوئے انکے مدمقابل عمران خاں نے 84417ووٹ لئے۔ پی پی 147 سے مسلم لیگ ن کے محسن لطیف 36769ووٹ لیکر کامیاب ہوئے انکے مدمقابل تحریک انصاف کے شعیب صدیقی نے 30142ووٹ لئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...