حیدرآباد تھل (نامہ نگار) حیدر آباد تھل میں دو گروپوں میں تصادم ہو گیا اور پورا شہر میدان جنگ بن گیا، پتھرائو کے باعث پولیس اہلکاروں سمیت 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ 200پولیس اہلکاروں پر مشتمل نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک شخص کے علم لگانے کے معاملے پر تنازعہ کشیدگی اختیار کر گیا اور ہاشم خان نامی شخص کا ایف آئی آر کروانے پر حالات مزید خراب ہو گئے اور ہاتھا پائی ہو گئی جس کے بعد نامعلوم افراد نے متنازعہ جگہ سے علم اتار دیا جس پر مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر مین جھنگ بھکر روڈ بلاک کر دیا۔ دوسری طرف سے جلوس نکالنے پر دونوں گروپوں کا آمنا سامنا ہو گیا اور پتھرائو کا سلسلہ شروع ہو گیا پولیس اہلکاروں سمیت 50 افراد زخمی ہو گئے، تمام مارکیٹوں، گلیوں اور لوگوں کے گھروں پر بھی پتھرائو کیا گیا اور ایک مسجد پر بھی پتھرائو کیا گیا یہ پتھرائو اس وقت کیا گیا جب مسجد میں نمازی نماز ادا کر رہے تھے۔ ڈی سی او بھکر محمد زمان وٹو، اسسٹنٹ کمشنر منکیرہ ڈاکٹر سیف اللہ ایس پی ہیڈ کوارٹر، ایس پی صدر موقع پر پہنچ گئے۔ بعد ازاں پولیس نے ٹریفک بحال کر دی تاحال پولیس شہر میں گشت کر رہی ہے۔
حیدرآباد تھل: 2گروپوں میں تصادم، پتھرائو، اہلکاروں سمیت 50زخمی
Dec 09, 2014