لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر نہ کرنے پر سابق اور موجودہ وزیر اعظم اور چاروں وزرائے اعلی کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر عائد اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست خارج کر دی ۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے شہری محمد سلیم کی درخواست پر توہین عدالت ی درخواست کی بطور اعتراض کیس سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کر رکھا تھا کہ ہائیکورٹ نے 2012ء میں کالا باغ ڈیم تعمیر کرنے کا حکم دیا تھا مگر عدالتی حکم کے باوجود کالا باغ ڈیم تعمیر نہیں کیا جا رہا، عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر موجودہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سمیت چاروں وزراء اعلیٰ اور چیئرمین مشترکہ مفادات کونسل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کر رکھا تھا کہ موجودہ اور سابق وزراء اعظم اور چاروں وزراء اعلیٰ کے خلاف براہ راست ذاتی حیثیت میں درخواست دائر نہیں کی جا سکتی۔ عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر عائد اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ نے کالا باغ ڈیم تعمیر نہ کرنے پر سابق، موجودہ وزیراعظم، وزرائے اعلی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی
Dec 09, 2014