اسلام آباد (وقائع نگار) جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا کی بطور چیف الیکشن کمشنر تقرری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے تاہم عدالت عالیہ کے رجسٹرار آفس نے درخواست کو نامکمل قرار دیتے ہوئے اس پر اعتراضات عائد کر دئیے ہیں۔ سوموار کو شاہد اورکزئی نامی شہری کی جانب سے دائر درخواست میں پارلیمانی کمیٹی، سپیکر قومی اسمبلی اور جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تقرری کے لئے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بامعنی مشاورت نہیں ہوئی۔ جسٹس (ر) سردار رضا کی تقرری آئین کے آرٹیکل 213 کی دفعہ 2A اور 2B کے مطابق نہیں ہوئی۔ لہذا سپیکر قومی اسمبلی کو 12 رکنی جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا جائے اور نئے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر تک جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا کو کام سے روکا جائے۔