اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور چین نے معیشت، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور تمام شعبوں میں قریبی تعاون کو مزید فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چین کے وزیر برائے سلامتی گوشنگ کن کے تین روزہ دورہ پاکستان کے اختتام پر دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی دعوت پر چین کے وزیر برائے سلامتی اور سٹیٹ کونسلر گوشنگ کن نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ 5 سے 7 دسمبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ چین کے وزیر نے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقاتیں کیں چین کے صدر اور وزیراعظم کی طرف سے پاکستان کیلئے نیک تمناؤں کا پیغام انہیں پہنچایا۔ انہوں نے اپنی قیادت کی طرف سے کہا کہ پاکستان چین تعلقات نہایت گہرے ہیں جنہیں توڑا نہیں جا سکتا۔ چین نے ہمیشہ پاکستان کو انتہائی اہمیت دی ہے۔ پاکستان چین معاشی کوریڈور اور پاکستان چین سٹریٹجک شراکت کو مضبوط بنانے کیلئے چین ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ صدر اور وزیراعظم نے گوشنگ کن سے کہا کہ وہ ان کی نیک خواہشات اپنی قیادت تک پہنچائیں۔ صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ یہ تعلقات علاقائی امن اور استحکام کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان چین معاشی کوریڈور دونوں ملکوں کے تعلقات کا اہم باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین انسداد دہشت گردی، بارڈر مینجمنٹ، انسداد منشیات سمیت متعدد شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دینگے۔ گوشنگ کن نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے ساتھ تفصیلی دوطرفہ مذاکرات کئے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ آن لائن کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی پر فخر ہے اور پاکستان اور چین کے درمیان جاری اقتصادی راہداری کے منصوبے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے کیونکہ اقتصادی راہداری خطے کی سلامتی اور استحکام کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ پیر کے روز وزیراعظم نواز شریف اور صدر مملکت ممنون حسین سے چینی سکیورٹی کے وزیر گوشنگ کن نے وفاقی دارالحکومت میں اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چین کیساتھ مستحکم تعلقات کو پاکستان بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے جس کا ثبوت وزیراعظم بننے کے فوری بعد دورہ چین تھا۔ اس موقع پر صدر ممنون حسین نے کہا کہ چین کیساتھ بہتر تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے اور پاکستان ہمیشہ پاک چین تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ چینی وزیر گوشنگ کن کا کہنا تھا کہ چین کے صدر اور وزیراعظم بھی پاکستان کیساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور چین بھی پاکستان کیساتھ اقتصادی راہداری پر مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے اور چین پاکستان کیساتھ سٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کا بھی خواہاں ہے جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کے خاتمے سمیت اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر کام تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔ چینی وزیر گوشنگ کن تین روزہ دورہ کرکے واپس وطن روانہ ہوگئے۔