پشاور + بچیکی(بےورورپورٹ + نامہ نگار + آئی این پی) پنجاب سے اغوا ہونے والے رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل خان کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔ رانا جمیل خان چند ماہ قبل پنڈی بھٹیاں سے اغوا ہوئے تھے، پیر کے روز پاک، افغان سرحد پر واقع علاقہ میں ایک کارروائی کے دوران پنجاب کے ایم پی اے رانا جمیل خان کو بازیاب کرالیا گیا جس کے بعد انہیں پاک افغان سرحد پر واقع لنڈی کوتل کے علاقہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں دیدیا گیا۔ رانا جمیل خان کی بازیابی کے بعد ان کے اہل خانہ کو اطلاع کردی گئی جو پشاور کےلئے روانہ ہوگئے۔ خیبر پی کے کے گورنر سردار مہتاب احمد خان نے بازیابی کے بعدجمیل خان سے ٹیلیفون پر بات کی انہیں بحفاظت بازیابی پر مبارک باد دی اور انکی خیریت بھی دریافت کی گورنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رانا جمیل خان کو پوری حفاظت اور سہولت کے ساتھ پشاور منتقل کیا جائے جہاں سے انہیں اہل خانہ کے ساتھ پنجاب بھجوایا جائیگا۔ دوسری طرف مغوی ایم پی رانا جمیل حسن کو افغان بارڈر کے قریب سے بازیاب کر نے کی خبر پر قصبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔آ تش بازی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔ حلقہ بھر کے لوگ ایکدوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے۔ امید ہے وہ آج منگل کو بچیکی میں اپنے گھر پہنچ جائیں گے۔ رانا جمیل حسن کی بازیابی پر سٹی صدر مسلم لیگ (ن) مشتاق مرزا، رانا لعل خان، میاں سہیل افضل، اللہ دتہ بھٹی، حاجی تنویر ہمایوں بھٹی، شہباز ٹھاکر، مرزا شاہد اقبال نے مٹھائی بھی تقسیم کی۔ دریں اثناءآئی این پی کے مطابق رانا جمیل کو کثیر جدوجہد کے بعد پیر کو بازیاب کروالیا گیا۔ ذرائع کے مطابق رانا جمیل کی بازیابی کےلئے لاکھوں روپے تاوان کی ادائیگی کی گئی ہے، اس وقت وہ ایف سی کی تحویل میں ہیں۔
رانا جمیل/ بازیاب