لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کے آج متوقع اعلان کے باعث پی سی بی حکام نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی لسٹ کو فائنل کر کے کھلاڑیوں کو تیار رہنے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے درمیان ملاقات میں سیریز کے انعقاد کے لیے مثبت اشارے ملنے کی امید کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیدی ہے۔ سیریز کا گرین سگنل ہوتے ہی کھلاڑیوں کا اعلان کر کے تربیتی کیمپ کراچی میں لگانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مودی سرکار نے پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کا گرین سگنل دے دیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان سیریز 24 دسمبر سے 5 جنوری تک کھیلی جائے گی۔ دونوں روایتی حریف تین ون ڈے اور دو ٹی 20 میں آمنے سامنے ہونگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان بھارت سیریز دو ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی میچ تک بھی محدود ہو سکتی ہے۔ بھارت کی ہچکچاہٹ کے باعث پی سی بی ممکنہ طور پر صرف محدود سیریز کا ہی انقعاد کر سکتا ہے جس میں میچز مزید کم کئے جا سکتے ہیں۔ دونوں بورڈز تاریخوں میں مزید تاخیر نہیں کر سکتے کیونکہ دونوں ٹیمیں جنوری میں مصروف ہیں۔ سیریز کا انعقاد 15 دسمبر سے پہلے یا بعد میں نہیں ہو سکتا۔ قبل ازیں بھارتی وزارت داخلہ نے پاکستان بلائینڈ کرکٹ ٹیم کو بلانے کی اجازت دیدی۔ پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل کے ذرائع کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے تحریری اجازت نامہ بھجوا دیا ہے۔ صدر پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل سلطان شامہ کا کہنا ہے کہ بلائینڈ کرکٹ میچز 17 سے 24 جنوری تک کوچی میں کھیلے جائیں گے۔
بھارتی حکومت مان گئی، سری لنکا میں پاکستان سے کرکٹ سیریز 24دسمبر سے 5 جنوری تک ہو گی، آج اعلان متوقع، ذرائع بھارت نے بلائنڈ ٹیم کو بھی دورہ کی اجازت دیدی
Dec 09, 2015