نیب نے ڈاکٹر عاصم کے وارنٹ جاری کر دئیے، 90 روز ریمانڈ کی درخواست کرے گا

Dec 09, 2015

اسلام آباد+کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) نیب نے ڈاکٹر عاصم کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی تفتیش کے بعد نیب ڈاکٹر عاصم سے تفتیش کرے گا۔ ڈاکٹر عاصم سے تفتیش کیلئے نیب عدالت سے 90 روز کے ریمانڈ کی استدعا کرے گا۔ نیب قانون کے تحت کسی بھی شخص کو تحقیقات کے کسی بھی مرحلے میں زیرحراست لیا جا سکتا ہے۔ ادھر سندھ ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عاصم کا مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجنے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ ایک این جی او کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقدمے میں ڈاکٹر عاصم کو دہشت گردوں کے سہولت کار کے طور پر نامزد کیا گیا ہے اس لئے مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجا جائے۔ دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عاصم کی رینجرز اور نیب کو حوالگی کے خلاف درخواست پر ڈی جی رینجرز، محکمہ داخلہ، آئی جی سندھ اور نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔ دو رکنی بنچ نے ڈاکٹر عاصم کی والدہ ڈاکٹر اعجاز فاطمہ کی درخواست کی سماعت کی۔ ڈاکٹر اعجاز فاطمہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کی موکلہ کے بیٹے کے خلاف الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہیں دوبارہ رینجرز یا نیب کے حوالے نہ کیا جائے۔

مزیدخبریں