لاہور (نیٹ نیوز+ خصوصی رپورٹر) مغلپورہ کی رہائشی 26 سالہ زینب کو توانائی کے حوالے سے کارنامے پر برطانوی ایوارڈ دی کوئینز ینگ لیڈر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ زینب نذیر پاکستانی پہلی خاتون ہیں جنہیں اس ایوارڈ سے نوازا گیا انکا کہنا ہے وہ ملک قوم کی خدمت کرنا چاہتی ہیں اور ملک کے اندھیرے دور کرنے کے حوالے سے بے حد پرامید ہیں۔ زینب نذیر امریکہ سے کیمیلینا سکاوا نامی پودا لائی ہیں، ان کا دعویٰ ہے وہ تھر اور چولستان میں اس پودے کی نشوونما کرکے اس سے بڑے پیمانے پر سے ڈیزل پیدا کرسکتی ہیں۔ بیٹی کے کارنامے نے والدین کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ شہبازشریف نے برطانوی ایوارڈ دی کوئنز ینگ لیڈر ملنے پر زینب نذیر کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاکستانی طالبہ نے توانائی کے شعبے میں اپنی مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ زینب جیسی ہونہار اور ذہین طالبات پاکستان کا سرمایہ افتخار ہیں۔