لاہور، سول سیکرٹریٹ ملازمین کی ہڑتال، دھرنادیا، سرکاری امور ٹھپ، سائلین خوار

Dec 09, 2015

لاہور( این این آئی)پنجاب سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق کام چھوڑ ہڑتال کر کے سول سیکرٹریٹ کے مرکزی دروازوں پر دھرنادیا، مظاہرین کی ہڑتال اور احتجاج کے باعث سول سیکرٹریٹ میں سرکاری امور ٹھپ ہو کررہ گئے جبکہ دور دراز اضلاع سے اپنے مسائل کے حل کیلئے آنے والے سائلین کوبھی مایوس واپس لوٹناپڑا، سرکاری ملازمین کے احتجاج کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کانظام شدید دباﺅ کا شکاررہا جسکی وجہ سے گاڑیوں کی میلوںلمبی قطاریں لگی رہیں،راستہ نہ دینے پر وکلاءاورشہریوںکی مظاہرین سے تلخ کلامی بھی ہوتی رہی ۔ سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کو آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کی حمایت بھی حاصل تھی ۔ دھرنے میں شریک ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ پولیس کی طرف سے کسی بھی ناخوشگوارواقعے سے نمٹنے کےلئے خاردار تاریںاوربیرئیر لگاکر سول سیکرٹریٹ کے مرکزی دروازوں کے سامنے حصارقائم کئے رکھا۔ اس دوران اعلیٰ افسران مذاکرات کی کوشش کرتے رہے تاہم مظاہرین ان کی طرف سے موقف اپنایا گیا کہ نوٹیفکیشن جاری ہونے تک احتجاج جاری رکھاجائے گا۔بعدازاںچاررکنی وفدنے صدر پنجاب سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن رانا محمد نثارکی سربراہی میںچیف سیکرٹری پنجاب خضرت حیات گوند ل سے ملاقات کی ، وفد نے اپنے احتجاجی شیڈول کوواپس لینے سے انکارکرتے ہوئے کہاکہ حکومت کے پاس ابھی وقت ہے اگر نوٹیفکیشن کر دیاگیاتو ہم احتجاج کی کال واپس لے لیں گے۔رانا محمد نثار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ 23-09-2015 کوہونے والی میٹنگ میں ہم نے جو مطالبات پیش کئے تھے ان میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ کلیریکل کیڈر کی اپ گریڈیشن کی جائے اور نان ٹیکنیکل ملازمین کاٹائم سکیل کا معاملہ حل کیاجائے اس کے علاوہ ہماراکوئی مطالبہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگرحکومت نے مطالبات تسلیم کرکے نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو کل دوبارہ دھرنا ہوگا۔
سول سیکرٹریٹ ملازمین

مزیدخبریں