بھارت سمیت تمام ہمسائیوں سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں،نوازشریف

Dec 09, 2015 | 19:57

ویب ڈیسک

وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم نوازشریف نے سشما سوراج کااستقبال کیا ، ملاقات کا وقت تیس منٹ شیڈول تھا لیکن یہ ایک گھنٹے تک جاری رہی ، ملاقات میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز،سیکرٹری خارجہ اعزازچوہدری، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ شریک تھے اور بھارت کی جانب سے سشما سوراج کے ہمراہ بھارتی سیکرٹری خارجہ اوربھارتی ہائی کمشنر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تصفیہ طلب معاملات کے حل اور دہشت گردی کے خاتمے کے امور پر بات چیت ہوئی جب کہ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی پر بھی زور دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں مسائل کے حل کے لیے باہمی رابطوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سشما سوراج نے وزیر اعظم نواز شریف کو بھارتی وزیراعظم کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا جبکہ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ملکوں کےساتھ خوشگوارتعلقات چاہتا ہے، کسی بھی مسئلے کا حل بات چیت ہے اس لیے دونوں ممالک کوتمام تصفیہ طلب مسائل بات چیت سےحل کرنے چاہئیں، ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں پاک بھارت کرکٹ بحالی پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔

مزیدخبریں