لاہور (خصوصی رپورٹر) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سی پیک کے راستے وفاقی حکومت طے نہیں کر رہی بلکہ سی پیک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تمام تر سرمایہ کاری کرنے والا عوامی جمہوریہ چین ہی روٹ طے کرتا ہے۔ وہ گزشتہ روز مقامی کلب میں ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین کو لگتا ہے کہ سی پیک کے راستے وفاقی حکومت طے کر رہی ہے لیکن عملاً ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے فلم انڈسٹری کے بارے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلم پروڈیوسرز کو فلموں میں بہتری لانی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ بھارتی چینلز اور بھارتی فلمیں دو سال کے لئے پاکستان میں بند کر دی جائیں۔