لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک بھر میں اپنے زیر انتظام کرکٹ گراؤنڈز اور پچوں کے معیار کو بہتر بنانے کیلیے ڈائریکٹر اکیڈمیز اور بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ راونڈر مدثر نذر کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کر دی ۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں چیف کیوریٹر آغا زاہد اور ثاقب عرفان شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہے کہ بورڈ نے اپنی زیر نگرانی چلنے والے تمام فرسٹ کلاس سنٹرز میں مستقل طور پر ایک منیجر مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ سنٹرز منیجر کے عہدے کیلیے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو ترجیح دیگا۔ تین رکنی کمیٹی کرکٹ بورڈ کے زیر انتظام تمام گراؤنڈز کا دورہ کرنے کے بعد رپورٹ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو جمع کروائے گی۔ کمیٹی پہلے سے موجود سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد سنٹرز کے معیار کو بلند کرنے کے لیے تجاویز جمع کروائے گی۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں سپورٹنگ پچوں کے نہ ہونے کیوجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سمیت مشکل کنڈیشنز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مشکلات پیش آتی ہیں۔ گیند بازوں کی صلاحیتیں بھی کھل کر سامنے نہیں آ رہی تھیں۔ ماہرین کرکٹ اور سابق ٹیسٹ کرکٹرز مسلسل غیر معیاری پچوں کے حوالے سے تنقید کر رہے تھے جبکہ موجودہ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ٹیسٹ فارمیٹ کے کپتان مصباح الحق نے بھی پچوں کے معیار پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ چیئرمین شہریار خان بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں پچوں کے معیار سے خوش نہیں ہیں۔ پی سی بی کیوریٹرز کو بیرون ملک تربیت کے لیے بھیجنے پر بھی غور کر رہا ہے جبکہ نئے کیوریٹرز کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ملک بھر کے پی سی بی گرائونڈز بچوں کا معیار بہتر بنانے کیلئے 3 رکنی کمیٹی قائم
Dec 09, 2016