لاہور( این این آئی)جہاز کے حادثے میں شہید ہونے والے معروف نعت خواں ، مذہبی سکالر جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید نے کہا ہے کہ جب میری والدہ کا انتقال ہوا تو جنید تبلیغی جماعت کیساتھ کینیڈا میں تھے اورجب والد کا انتقال ہوا تو وہ اس وقت بھی دعوت و تبلیغ کے سلسلہ میں برطانیہ میں تھے، وہ اللہ کی راہ پر تھا اور شہید ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنید جمشید بہت ہی شفیق انسان تھا ، اس کے معاملات دین کے ساتھ تھے ،وہ اللہ کی راہ میں تھا اور اسے اللہ کی راہ میں موت آئی اور وہ شہید ہے ۔ جنید جس کا بھائی ،باپ ،بیٹا تھا وہ سب یاد رکھیں وہ ابھی زندہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں بتانا چاہتا ہوں کہ جب میری والدہ کا انتقال ہوا تو وہ اس وقت کینیڈا میں تبلیغی جماعت کے ساتھ تھا اور جب والد کا انتقال ہوا تو وہ اس وقت برطانیہ میں دعوت و تبلیغ کے لئے موجود تھا۔