لاہور / گوجرانوالہ/ نارووال (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے لارڈ میئر، ڈپٹی میئروں، کارپوریشنوں کے میئر اور ڈپٹی میئروں، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین، وائس چیئرمینوں کے کاغذات نامزدگی آج بروز جمعہ اور کل ہفتہ کو جمع کرائے جا سکیں گے۔ الیکشن کمشن کے مطابق ان کاغذات کی جانچ پڑتال (سکروٹنی) 11اور 12 دسمبر کو ہو گی جبکہ پولنگ 22دسمبر کو ہو گی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ ڈویژن کے35 ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے میئر، ڈپٹی میئر اور ضلع کونسلوں و میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین و وائس چیئرمین کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی کا اجرا شروع کردیا گیا ہے اور پہلے روز ڈویژن بھر سے 50 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی فارم حاصل کئے۔ مزید برآں الیکشن کمیشن نے بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے انتخاب میں وزرا اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے ضلع چیئرمین نارووال کیلئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کے بیٹے احمد اقبال کو پارٹی ٹکٹ دے دیا۔ صدر گوگیرہ سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ن نے ضلع کونسل اوکاڑہ کے لئے ندیم عباس ربیرہ ایم این اے کے نامزد امیدوار ملک علی قادرکو چیئر مین شپ کے لئے نامزد کر دیا ہے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر، کاہنہ سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما یوسی 197 کے چیئرمین رائو شہاب الدین کو ڈپٹی میئر لاہور بنا دیا گیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مسلم لیگ(ن) نے میونسپل کمیٹی حافظ آباد کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کیلئے اپنے اُمیدواروں کی ٹکٹیں جاری کر دیں۔ ذرائع کے مطابق سابق ایم پی اے حاجی جمشید عباس تھہیم کو چیئرمین اور خالد محمود بٹ کو وائس چیئرمین کیلئے نامزد کر دیا گیا ہے۔
سربراہ بلدیاتی اداروں کیلئے کاغذات آج جمع ہونگے، ارکان پارلیمنٹ کی انتخابی مہم پر پابندی
Dec 09, 2016