اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج ٗجسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چودھری کی بلٹ پروف گاڑی کا کیس سننے سے معذرت کر لی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کیس کی مزید سماعت جمعرات کو ہونا تھی تاہم جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چودھری کی بلٹ پروف گاڑی کے حوالے سے زیر سماعت کیس سننے سے معذرت کر لی ہے جس کے بعد کیس کو واپس چیف جسٹس انور خان کاسی کو بھجوا دیا گیا ہے۔یاد رہے اس سے قبل جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے 2دسمبر کو کیس کی سماعت کرتے ہوئے بلٹ پروف گاڑی 8دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم ڈویژن بینچ نے گاڑی طلب کرنے کا فیصلہ معطل کر دیا تھا۔