امریکہ نے بھارت کو اہم اتحادی قرار دیدیا‘ دونوں ملکوں کا دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

نئی دہلی (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے بھارت کو اہم دفاعی اتحادی قرار دیدیا جبکہ دونوں ممالک نے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر سے نئی دہلی میں امریکی سیکرٹری دفاع ایشٹن کارٹر نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ، دہشتگردی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ دفاعی اتحاد کا عہدہ بھارت کیلئے منفرد ہے، دہشتگرد گروہوں کو کسی بھی ریاست کی طرف سے سرپرستی نہیں دی جائے گی۔ اعلامیہ کے مطابق بھارت امریکہ کا بڑا دفاعی شراکت دار ہے ۔ بھارت کی جانب سے اہم دفاعی اتحادی قرار دینے پر امریکہ کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔ بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر نے کہاکہ ہماری دفاعی تعلقات کی بنیادیں آپ کی طرف سے رکھی گئی ہیں اور یہ مزید مضبوط ہوگئی ہیں ۔ آپ کا عزم قابل تعریف ہے ۔اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان دفاعی تعلقات دوطرفہ تعلقات کیلئے بہت اہم ہیں۔کارٹر نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ بھارت اور امریکہ کی دفاعی شراکت 21صدی کی اہم شرکت داری ہوگی ۔

ای پیپر دی نیشن