اسلام آباد+لاہور (این این آئی+آئی این پی +خصوصی رپورٹر)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اقوام عالم میں وہی قومیںممتاز ہوتی ہیں جو اپنی صلاحیت اور محنت کو بروئے کار لا کر اپنی ضروریات میں خود کفیل ہوجاتی ہیں۔ معاشی استحکام کے بغیرخودکفالت کی منزل پر پہنچنا ممکن نہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کے زیراہتمام منعقدہ ’’قومی استحکام، ترقی اور قوت میں کارفرما عناصر ترکیبی ‘‘کے موضوع پر کل پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہا ہمیں قومی ترقی اور استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کرنے والے عوامل کا گہری نظر سے جائزہ لے کر اپنی حکمتِ عملی کا تعیّن کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں تعلیم کی اہمیت سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران پاکستان میں تعلیمی اداروں کی تعداد اور اس تناسب سے تعلیم کی شرح میں مناسب اضافہ ہوا ہے۔ قومی مقاصد کے حصول کے ضمن میں یہ ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے لیکن تعلیمی شعبے میں نظرآنے والی اس ترقی کے معیار اور مقدار کے بارے میں ہمیں حد درجہ محتاط اور بیدار رہنا چاہیے۔موجودہ دور کا ایک بڑا مسئلہ معیار تعلیم کا بھی ہے، مقابلے کے امتحانات اور دیگر مواقع پر تعلیم یافتہ نوجوانوںکی کمزور کارکردگی نے ہمارے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ اس لیے ناگزیر ہو گیا ہے کہ ابتدائی تعلیم سے لے کر اعلیٰ تعلیم کے مختلف شعبوں تک تعلیم کے معیار کو جانچنے کے لیے ایک مو ثرلائحہ عمل وضع کیا جائے۔ اس پہلو میںاگر ذرا سی بھی کوتاہی ہو گئی تو اس کے نتیجے میں ہم اپنے بچوں کے بہت سے ماہ و سال اور قوم کا قیمتی سرمایہ ضائع کر بیٹھیںگے اور یہ ایسا نقصان ہو گا جس کا خمیازہ ہمیں مدتوں بھگتنا پڑے گا۔صدر مملکت نے کہا معاشی استحکام کے حوالے سے گزشتہ تین چار برس میں مختلف شعبوں میںنمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے جس کا اعتراف آزاد بین الاقوامی ادارے بھی کر رہے ہیں۔پاک چین اقتصادی راہداری کی شکل میں ہم پر اللہ کی ایک اور عنایت ہو رہی ہے جو ہمارے جغرافیے اور محل وقوع کو پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے ایک طاقت ور عنصر کی حیثیت سے سامنے لا رہی ہے۔ وطنِ عزیز میں پیدا ہونے والے ان نئے امکانات سے بھرپور طریقے سے مستفید ہونے کے لیے کسی بھی سقم سے پاک منصوبہ بندی اور اس اہم قومی منصوبے کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے بھرپور قومی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ معاشی خودکفالت کے لیے ضروری ہے کہ صنعتی شعبہ اور سرکاری منصوبہ ساز مستقبل کی ٹیکنالوجیز اور صنعت و تجارت کے نئے امکانات کے بارے میں مسلسل غوروفکر اور تحقیق کرتے رہیں کیونکہ جو قومیں تیزرفتاری سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی اور اندازِ فکر کا ساتھ نہیں دے پاتیں، ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کی عظیم تہذیبوں کے سنگم پر واقع ہے۔ اس کی تہذیبی اور ثقافتی قدریں، اس سرزمین کو دنیا کے دیگر خطوں سے ممتاز کرتی ہیں اور یوں پاکستان سیاحت سمیت مختلف مشغلوں اور مطالعے کے لیے دنیا بھر کے لیے غیرمعمولی کشش رکھتا ہے۔صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے اور افواجِ پاکستان کا شمار دنیا کی بہترین پیشہ ور اورمنظم افواج میں ہوتا ہے جو ہمارے دفاع ہی نہیں بلکہ علاقائی امن و استحکام میں بھی گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ہمارے سٹرٹیجک اثاثے، سلامتی اور استحکام میںہمارے معاون ہیں جو پاکستان کی داخلی اور خارجی پالیسیوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ پاکستان امنِ عالم کے لیے قائدانہ کردار ادا کر رہاہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے نظرئیے اور بانیانِ پاکستان کے جذبہ تعمیر سے کام لیتے ہوئے ایک واضح اور قابلِ عمل حکمتِ عملی کے تحت تعمیرِ پاکستان کے عظیم مشن میں تن من دھن سے مصروف عمل ہو جائیں۔
پاکستان عالمی امن کیلئے کردار ادا کر رہا ہے‘ معاشی استحکام کے بغیر خودکفالت کی منزل ممکن نہیں: صدر ممنون
Dec 09, 2016