تاجروں وصنعت کاروںکی بلاامتیاز خدمت کی ،عبدالحسیب خان

سکھر/خیرپور(نامہ نگاران)یونائیٹڈ بزنس گروپ(یوبی جی)کے سینئروائس چیئرمین سینیٹرعبدالحسیب خان نے کہا ہے کہ یو بی جی کے نامزدہ کردہ تمام ہی امیدواروں نے فیڈریشن الیکشن میں عہدوں پر منتخب ہوکر ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی بلاامتیاز خدمت کی ہے،افتخار ملک اورایس ایم منیرکی قیادت میں یو بی جی نے ملک وقوم کی خدمت کرنے،نوجوانوں کو آگے لانے اور فیڈریشن سے بدعنوانیوں کے خاتمے کیلئے جو سفر شروع کیا تھااس میں ملک بھر کے تاجرنمائندے جوق درجوق شامل ہورہے ہیں جبکہ یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزارفیروزنے کہا ہے کہ گروپ چیئرمین افتخار علی ملک اورسر پرست اعلیٰ ایس ایم منیرکی قیادت میں اندرون سندھ تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل حکومت تک پہنچانے اور انہیں حل کرانے کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی، اس سال پوزیشن گروپ الیکشن میں آخری مرتبہ حصہ لے گا کیونکہ اپوزیشن کو اس سال فیڈریشن الیکشن میںعبرتناک شکست ہوگی اور اگلے سال ان میں الیکشن لڑنے کی بھی سکت نہ ہوگی۔یو بی جی لیڈران نے ان خیالات کا اظہار سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالفتاح شیخ،سینئرنائب صدرپرکاش کمار اور دیگر ممبران کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں کاروباری افراد سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پرسینیٹرالیاس احمدبلور،عبدالسمیع خان،صدارتی امیدوار غضنفر بلور ، سینئر نائب صدر کے امیدوار مظہراے ناصر، نائب صدور کے امیدواروحیداحمداورشبنم ظفر،شکیل ڈھینگڑا،حاجی افضل ، زاہد شنواری،ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر حاجی دھنی بخش میمن،نوراحمدخان،ممتاز شیخ،ذوالفقار شیخ،عثمان شیخ،،سکھر چیمبر کے سابق صدر محمددین،ایگزیکٹوکمیٹی ممبر جاوید علی شیخ،رحیم بخش بھٹو،مریم چوہدری اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر سندھ کے تاجروں اور صنعتکاروں کے سینئرترین لیڈر اور سابق ایم پی اے حاجی منور خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹرالیاس بلور نے کہا کہ یو بی جی کے مقابل اپوزیشن الیکشن میں حدوں کو کراس کررہے ہیں،میںان کے الزامات کے جواب میں بہت کچھ کہہ سکتاہوں مگر یہ ہماری پالیسی نہیں ہے اور ہم ایسے تاجردشمن لوگوں کوبدترین شکست سے دوچار کرکے انکے گھروں کو روانہ کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن