نئی دہلی(این این آئی) بھارت نے اپنی فوج کے بغیر پائلٹ اڑنے والے طیارے (یو اے وی) کے چین کی سرحدی حدود میں گر کر تباہ ہونے کی خبر کی تصدیق کردی تاہم بھارتی وزارت دفاع نے کہاہے کہ یہ طیارہ معمول کے مطابق اپنے تربیتی مشن پر تھا کہ اچانک کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے اس کا زمین سے رابطہ منقطع ہوگیا۔بھارتی اخبار کے مطابق حادثے کا وقت اب تک واضح نہیں ہوسکا۔ایک اعلامیے میں بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ بھارت کی سرحدی سیکیورٹی پر مامور اہلکار نے فوری طور پر اپنے چینی ہم منصب کو اس حوالے سے اطلاع دی تھی اور پیغام جاری کیا تھا کہ یو اے وی کو ڈھونڈا جائے۔خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے وضاحتی بیان چینی وزارت دفاع کے جانب سے بھارت پر فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیے جانے کے بعد جاری کیا گیا۔چینی فوج کے مغربی تھیٹر کمبیٹ بیورو کے ڑانگ شوئل کا کہنا تھا کہ بھارتی کی جانب سے چینی سرحدی خود مختاری کی خلاف ورزی کی گئی ہے جس پر ہم عدم اطمینان کا اظہار اور اس کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں۔بھارت کا ان کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یو اے وی بھارت کی سرحدی حدود کے اندر اپنے معمول کے تربیتی مشن پر تھا کہ اچانک کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے اس کا زمین سے رابطہ منقطع ہوگیا اور اس نے سقم سیکٹر میں لائن آف ایکچوول کنٹرول (ایل اے سی) کو پار کرلیا۔
بھارتی ڈرون کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر چین کا احتجاج
Dec 09, 2017