اسلام آباد (آن لائن) انتخابی حلقہ بندیوں کے معاملے پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان میثاق جمہوریت کے تحت خفیہ طور پر معاملات طے پا گئے ہیں، سینٹ کے جاری سیشن کے دوران انتخابی حلقہ بندیوں کا ترمیمی بل منظور کرلیا جائیگا۔ بیک ڈور رابطوں کے ذریعے سابق وزیراعظم نواز شریف نے پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو یقین دلایا ہے کہ ممبران اسمبلی کے اربوں روپے کے ترقیاتی اور سپیشل فنڈز جنوری میں جاری کردیئے جائیں گے۔ ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) نے آصف علی زرداری سے رابطہ کیا ہے کہ انتخابی حلقہ بندیوں میں ترمیم کے قانون کا جو معاملہ گزشتہ کئی ہفتوں سے التواءکا شکار چلا آرہا ہے اس میں معاونت کی جائے۔ اس سلسلے میں سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے بھی آصف علی زرداری سے رابطہ کیا تاہم انہوں نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا جس کے بعد نواز شریف نے آصف علی زرداری سے بیک ڈور چینل کے ذریعے رابطہ کیا اور دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔ پی پی پی نے وعدہ کیا ہے کہ ان کے ممبران سینیٹ سے غیر حاضر نہیں ہوں گے اور جب بل سینیٹ میں پیش کیا جائے گا تو پی پی پی اس کی مکمل حمایت کرے گی۔ پیپلزپارٹی نے اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کی جماعت نہ کورم کی نشاندہی کرے گی اور نہ سینیٹ سے بائیکاٹ یا واک آﺅٹ اور احتجاج کیا جائے گا۔
خفیہ معاملات طے