سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی پیر پگارا، غنوٰی بھٹو سے ملاقاتیں

Dec 09, 2017

کراچی (سٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس اور پاکستان جسٹس ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ عدلیہ مسلم لیگ ن کے خلاف نہیں ان کے فیصلے انصاف پر مبنی ہوتے ہیںجو ن لیگ کو اچھے نہیں لگتے، موجودہ حالات کے تناظر میں جموریت کو خطرہ محسوس کررہا ہوں۔ افتخار محمد چوہدری نے جمعہ کی شام راجہ ہاﺅس کراچی میں مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صبغت اللہ شاہ راشدی المعرف پیر پگار اسے ملاقات کی اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کے بھائی وفاقی وزیر پیر صدر الدین شاہ راشدی بھی موجود تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ فنکشنل اور ان کی جماعت کے درمیان کرپشن، بے روزگاری ،بیڈگورننس اور دیگر ایشوز پر مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق ہوا ہے، اور پیر پگارا کے تجربے سے مستفید ہونگے۔گرینڈ الائنس کا حصہ بننے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ آصف زرداری اور طاہر القادری ملاقات سے متعلق سوال پر سابق چیف جسٹس نے کہاکہ ملک میں افراتفری کی سیاست کی گنجائش نہیں، آئین کے مطابق آئندہ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ بارہ مئی واقعے کے وقت مصطفی کمال کراچی کے ناظم تھے اگر وہ اتنے بہادر ہیں تو وہ واقعے میں ملوث ملزمان کے نام بتادیں، سانحہ بلدیہ کا اہم ملزم حماد صدیقی کی گرفتاری کے اطلاع ہیں اس واقعے کے حقائق بھی جلد سامنے آجائیں گے۔ دریںاثناء افتخار چودھری کی سربراہی میں ایک وفد نے ستر کلفٹن پر پاکستان پیپلز پارٹی ( شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال‘ پاکستان کے عدالتی نظام میں موجود نقائص اور عوام کو بروقت اور شفاف طریقے سے انصاف کی فراہمی میں حائل پیچیدگیوں اور مشکلات پر بات چیت کے علاوہ شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور ان کے رفقاءکے مقدمہ قتل کے دوران افتخار چودھری کی ہی سربراہی میں قائم عدلیہ کے انوکھے فیصلے کے دوران عدل و انصاف کے آفاقی اصولوں کو مدنظر نہ رکھے جانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
افتخار چوہدری / ملاقاتیں

مزیدخبریں