دوسری قائداعظم گیمزمیں اسلام آبادکا مضبوط دستہ شرکت کرے گا:اصغر نیازی

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) اسلام آباد سپورٹس بورڈ کے سیکرٹری محمد اصغر نیازی نے کہا ہے کہ دوسری قائد اعظم گیمز میں شرکت کیلئے اسلام آباد کے مضبوط دستہ کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ یہ گیمز پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام 25 سے29 دسمبر تک پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جائیں گی۔ گیمز میں ملک بھر سے پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، فاٹا، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی ٹیمیں شرکت کریں گی ۔انہوں نے کہا کہ دوسری قائداعظم بین الصوبائی گیمز میں19کھیلوں کے مقابلوں میں مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ جس میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، بیس بال، فٹ بال ، ہاکی، جوڈو، کراٹے، نیٹ بال، سکواش، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈوو دیگرشامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی تیاری کے سلسلہ میں اسلام آباد میں مختلف کھیلوں کی متعلقہ ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر ٹیموں کا چنائو میرٹ پر کیا جا ئے گا اور ایک مضبوط دستہ تیار کیا جائیگا ۔ اس ضمن میں ایک اجلاس جلد ہی بلایا جا رہا ہے جس میں متعلقہ کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے صدور یا سیکرٹریز شرکت کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن