رونالڈو نےپانچویں بار ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیت لیا

پیرس (آئی این پی)ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسچیانو رونالڈو نے اپنے حریف بارسلونا کے کھلاڑی لیونل میسی کو شکست دے کر سال کے بہترین کھلاڑی کا 'بیلن ڈی اور' ایوارڈ پانچویں بار جیت لیا ہے۔لیونل میسی اس مقابلے میں دوسرے جبکہ رواں سال بارسلونا سے پیرس سینٹ جرمین کلب میں منتقل ہونے والے دنیا کے مہنگے ترین برازیلین کھلاڑی نیمار تیسرے نمبر پر رہے۔کرسچیانو رونالڈو نے گذشتہ سیزن میں اپنے کلب ریئل میڈرڈ کو چیمپیئنز لیگ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔رونالڈو سنہ 2008، 2013، 2014 اور 2016 میں بھی یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں۔فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے مشہور زمانہ ایفل ٹاور میں منعقدہ تقریب میں یہ ایوارڈ وصول کرنے کے بعد رنالڈ کا کہنا تھا ’ یہ وہ کچھ ہے جسے میں ہر سال دیکھنا چاہتا ہوں۔ان کا مذید کہنا تھا ’میں ریئل میڈرڈ کے اپنے ساتھیوں کا شکریہ اور میں تمام افراد کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنھوں نے اس سطح تک آنے تک میری مدد کی۔سنہ 2016 میں پرتگال کو یورو کپ جتوانے کے بعد رنالڈو نے ریئل میڈرڈ کی جانب سے 42 گول کیے۔ انھوں نے چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں دو گول کیے تھے۔اپنی ٹیم پرتگال کو آئندہ سال روس میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کراے میں اہم کردار ادا کرنے والے رونالڈو نے پہلی مرتبہ 2008 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے بیلن ڈی اور جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔اس کے بعد 2009 سے 2012 تک اگلے چار سال لیونل میسی کی بالادستی قائم رہی لیکن 2013 میں رونالڈو میں دوسری مرتبہ یہ ایوارڈ جیت کر میسی کی جیت کا تسلسل توڑ دیا اور 2014 میں لگا تار دوسری مرتبہ یہ ایوارڈ جیت کر اپنے ایوارڈز کی تعداد تین کر لی۔تاہم اگلے سال 2015 میں ایک مرتبہ پھر میسی نے یہ ایوارڈ جیت کر پانچ مرتبہ ایوارڈ جیتنے کا کارنامہ انجام دیا لیکن اس کے بعد وہ اپنی کارکردگی کا تسلسل قائم نہ رکھ سکے۔رونالڈو نے اگلے دونوں سال شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم ریال میڈرڈ کو چیمپیئنز لیگ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا اور دونوں مرتبہ ایوارڈ جیت کر میسی کا پانچ مرتبہ ایوارڈ جیتنے کا ریکارڈ برابر کردیا۔

ای پیپر دی نیشن