کراچی (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری سرمد علی سے یہاں ملاقات کی اور انہیں اے پی این ایس اور پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے اشتہارات کے بقایا جات کے اعدادوشمار سے متعلقہ جاری کئے گئے بیان پر اپنی تشویش سے آگا ہ کیا۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت 32 کروڑ روپے کی ادائیگی کر رہی ہے جبکہ 18 کروڑ روپے کی ادائیگی کیلئے عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے 15 کروڑ روپے کے قریب بقایا جات بھی جلد ادا کردیئے جائیں گے۔ شفقت جلیل نے سرمد علی کو بتایا کہ سرکاری اشتہارات کے اجراء کے مسئلہ کے مستقل حل کیلئے اشتہارات پالیسی کا مسودہ اے پی این ایس اور پی بی اے سمیت تمام فریقین کو فراہم کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کی صنعت کے تعاون اور آزادی اظہار کیلئے پرعزم ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے میڈیا کی صنعت کو کام میں آسانی لانے کیلئے کسی بھی تجویز کو سنجیدگی سے زیر غور لایا جائے گا۔