بھارت میں پاکستان زندہ باد کے نعرے معمولی واقعات نہیں، ڈالر واقعی بڑھا: شاہ محمود

Dec 09, 2018

ملتان (آئی این پی)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری کھولنے کے فیصلے سے پوری دنیا کی سکھ برادری خوش ہے،بھارت میں پاکستان زندہ باد کے نعرے معمولی واقعات نہیں، کرتارپور راہداری سے سکھ بھائی بغیر پاسپورٹ اور ویزا کے یاترا کر سکیں گے،امریکی صدر ٹرمپ نے افغانستان کے مسئلے کو بہتر انداز میں حل کرنے کےلئے پاکستان کی مدد مانگی ہے ‘ ڈو مور کہنے والے پاکستان سے مدد مانگ رہے ہیں‘ 15دسمبر کو کابل کا دورہ کروں گا،جس میں افغان اعلیٰ قیادت سے دیرپا امن کےلئے بات چیت ہو گی،چینی وزیرخارجہ سے بھی ملاقات ہوگی،پچاس سال سے کیوں کوئی ڈیم نہیں بنایا گیا، پانی کے مسئلے کے حل کےلئے چیف جسٹس پاکستان اور وزیراعظم مل کر ڈیم فنڈ ریزنگ کررہے ہیں، عوام کو کچھ عرصہ تکلیف برداشت کرنا ہو گی۔معیشت کو ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا،احتساب کا عمل بلا امتیاز جاری رہے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعظم وزارت خارجہ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں،ہم پر اعتماد کرنے والوں کا شکرگزار ہوں، ہم کسی کو مایوس نہیں کریں گے، اقوام متحدہ جانے سے پہلے مقبوضہ کشمیر سے متعلق خبریں سننے کو ملتی تھیں۔ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھایا، سیاسی جماعتیں آئیں اور مل کر کشمیر ڈے لندن میں منائیں۔انہوں نے کہا کرتار پور راہداری پاکستان کی جانب سے امن و محبت کا پیغام ہے۔انہوں نے کہا پاکستان ہمارا گھر،عوام کی خدمت ہمارا فرض ہے جس کا ہم احساس کرتے ہیں، ماضی کی حکومتوں نے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ کیا، بجلی کی قیمت بڑھی لیکن کسانوں کےلئے قیمت آدھی کردی، افغانستان گیا تو وہاں دیکھا گندم کا قحط تھا، ہمارے پاس گندم بہت زیادہ ہے اس لئے افغانستان کو تحفے میں دی۔ حکومت کو تجارتی خسارہ ورثے میں ملا ہے،کچھ عرصہ ہمیں تکلیف برداشت کرنی پڑے گی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مڈٹرم انتخابات سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں عوام قیاس آرائیاں میں نہ پڑیں وزیر خزانہ ملک کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ قبل ازیں تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈالروں کی قیمت واقعی بڑھی ہے اس میں کوئی شک نہیں۔ کئی بار آسان فیصلے بھی بہتر نتائج دے سکتے ہیں، اچانک ڈالر کے بڑھنے سے لوگوں کو پریشانی ہوتی پاکستان کبھی اتنا مقروض نہیں ہوا جتنا آج ہے۔ ودہولڈنگ ٹیکس کا متبادل ہونا چاہئے ود ہولڈنگ ٹیکس ناقص ٹیکس ہے۔

شاہ محمود

مزیدخبریں