لاہور (ایجنسیاں)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو اختیار حاصل ہے کہ وہ جب چاہے انتخابات کرا سکتا ہے اور جلد انتخابات ہونے سے کوئی قیامت نہیں آجائے گی, پاک فوج حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،کرپشن خلاف جھاڑو پھرے گا ، آصف زرداری نے جب ”سسرال “ جانا ہوتا ہے تو وہ پگڑی پہن لیتے ہیں۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی قومی معیشت کی خراب صورتحال کی ذمہ دار ہیں۔ پی ٹی آئی کے لوگ گندگی میں پائے جائیں تو دوگنی سزا ہونی چاہیے۔نوازشریف اور مریم نواز کی ڈیل سے متعلق کبھی کوئی بات نہیں کی۔گرفتاری کے دوران مجھے شہبازشریف جیسی آسانیاں ملیں تو کبھی ضمانت کیلئے درخواست ہی نہ دوں۔ چیف جسٹس پاکستان نے قوم کیلئے جو فیصلے کئے ہیں انہیں تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی آمدن میں نہ صرف اضافہ ہوا ہے بلکہ بیس ٹرینیں اپ اینڈ ڈاﺅن کر کے ساڑھے 6لاکھ لیٹر تیل بھی بچایا ہے۔ تمام بڑے سٹیشنزپر فارمیسی شاپس کھولنے کیلئے ٹینڈر دینے کا کہا ہے۔ سپریم کورٹ نے 24دسمبر کو کیس کا فیصلہ کرنا ہے اور جو بھی فیصلہ آئے گا اسے قبول کریں گے۔ ہم ایک ہزار پٹرول پمپس کی سائٹس لیز پر دینا چاہتے ہیں۔ 70سال سے کھڑی خراب ویگنوں کے سٹاک سے بھی 31دسمبر تک نفع آنے کی توقع ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ضرور ت پڑنے پر لاہور سے رات آٹھ بجے اور راولپنڈی سے صبح دس بجے ٹرین چلائی جائے۔ انہوںنے کہا کہ رحمان بابا ایکسپریس چلانے جارہے ہیں اور 23دسمبر تک اس کا کرایہ پچاس فیصد کم کر دیا گیا ہے جو 675 روپے ہوگا۔ہماری توجہ فریٹ پر مرکوز ہے اور ہم اس میں انقلاب لائیں گے۔ عمران خان نے جنوبی پنجاب سے متعلق جواب دیا ،انتخابات جلدی بھی ہوجائیں تو قیامت نہیں آ جائے گی۔ پاک فوج ملک کے مسائل کا حل اور معیشت کو مستحکم ہوتے دیکھنا چاہتی ہے۔جنرل قمر باجوہ نے ایک جپھاماراجس کی چیخیں اتر پردیش تک سنی جارہی ہیں۔ عدلیہ بھی آئین و قانون کے ساتھ کھڑی ہے۔ قوم چیف جسٹس پاکستان کی جانب دیکھ رہی ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے قوم کیلئے جو فیصلے کئے ہیں انہیں تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ پچھلی حکومت میں ڈان لیکس تھا، نواز شریف نے اجمل قصاب کا پتہ بتایا کہ جاﺅ انٹر ویو کرو،باہر کے ملکوں سے کالیں تھیں ، سابقہ حکومت نے اپنے سے بڑے کام کئے۔جب آپ کرپشن سے لبریز ہوں، جب آپ منی لانڈرنگ میں ملوث ہوں تو ان حالات سے گزرنا پڑتا ہے۔ شہبازشریف این آر او کیلئے نوے کے زاوئیے سے زیادہ مرے جارہے ہیں ،میں عقلمندوں کا لیڈر ہوں بے وقوفوں سے بات نہیں کرتا۔
وزیر ریلوے
وزیراعظم جب چاہے انتخابات کرا سکتا، فوج حکومت کے شانہ بشانہ ہے : وزیر ریلوے
Dec 09, 2018