تہران (صباح نیوز)ایران کے صدر نے کہا کہ دہشتگردانہ واقعات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایرانی عوام اور حکومت کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔صدرحسن روحانی نے ہفتہ کے روز تہران میں 6 ملکی سپیکرز کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران دہشتگردی کی جنگ میں قربانی دینے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ گزشتہ 40 سال میں دہشت گردی کی مختلف کارروائیاں ہوئیں جن میں 17 ہزار سے زائد افراد شہید ہوئے اور دہشت گردی کی یہ کارروائیاں انہوں نے کیں جنہیں آج امریکہ اور یورپ کی سرپرستی حاصل ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ جو ملک چین کے خلاف تجارتی جنگ میں ملوث ہو، پاکستان کو طعنہ دیتا ہو، افغانستان کی توہین کرتا ہو، ترکی کو متنبہ کرتا ہو، روس کو دھمکی دیتا ہو اور ایران پر پابندیاں لگاتا ہو، وہ دنیا میں باہمی تعلقات کو توڑنے والا اصل مجرم ہے.ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ جہاں بھی امریکہ کسی معاشرے کی تباہی میں ملوث ہو تو ہم اس کو نقصانات کے ازالے سے بھاگنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔