کراچی:گلستان جوہر دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

Dec 09, 2018 | 10:56

ویب ڈیسک

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی، رپورٹ کے مطابق دیسی ساختہ کریکر دھماکے میں تین سو گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر  نے کہا کہ  ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے محفل میلاد کی اجازت نہیں لی گئی تھی۔ فیصل سبزواری نے ایس ایس پی ایسٹ کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیدیا۔کراچی میں پرفیوم چوک پر ایم کیو ایم پاکستان کے زیراہتمام محفل میلاد میں دھماکے کے نتیجے میں 6افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دیسی ساختہ کریکر کی تیاری کیلئے 300گرام بارود اور پلاسٹک کین استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے مقام سے پلاسٹک کے ٹکڑے بھی ملے ہیں۔ کریکر فٹ پاتھ کنارے پھٹا جس سے فٹ پاتھ ڈیڑھ فٹ ٹوٹ گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی بم کے کسی سسٹم کے شواہد نہیں ملے۔ ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر نے کہا کہ  ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے محفل میلاد کی اجازت نہیں لی گئی تھی۔ فیصل سبزواری نے ایس ایس پی ایسٹ کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ان کا بیان آگ لگانے والا ہے۔پرفیوم چوک پر ایم کیو ایم پاکستان کے زیراہتمام محفل میلاد میں ہونیوالے دھماکے میں6 افراد زخمی ہو ئے جو مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔چیف سیکریٹری سندھ نے آئی جی سندھ اور کمشنر کراچی سے واقعہ  کی رپورٹ طلب کر لی۔ سکیورٹی حکام نے جائے حادثہ کو کلیئر قرار دیکر پرفیوم چوک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا۔

مزیدخبریں