لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ چودھری برادران سے ملاقات ہوئی، ان کے کوئی تحفظات نہیں، مائنس عمران خان کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے، قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے۔ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ ریویو میں جانا ہے یا قانون بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کیا۔ ہم تو ملکی معیشت کو بہتر کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کا بویا ہوا ہم کاٹ رہے ہیں۔ مولانا صاحب کا پتہ نہیں چلتا کبھی آتے کبھی جاتے ہیں۔ مریم نواز کے بیرون ملک جانے کی درخواست کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا جن پر کیسز وہ سب لوگ باہر جانا چاہتے ہیں۔ نواز شریف کا خیال رکھنے کے لیے شہباز شریف موجود ہیں۔ ن لیگ سے متعلق جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی تمام کوششیں ناکام جائیں گی، وزیراعظم احتساب کرکے رہیں گے، نواز شریف مائنس ہوئے، شہباز شریف مائنس ہوئے اور اب مریم نواز کا مائنس ہونے کا وقت آگیا۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح اختر مینگل سے بات ہوئی ہے، پہلے بھی اختر مینگل کے ساتھ مل کر معاملات حل کیے ہیں۔