وعدے نبھائے ، اسرائیل کا سب سے زیادہ ہمدرد ، بہترین دوست ہوں : ٹرمپ

Dec 09, 2019

فلوریڈا(نیٹ نیوز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ کے اب تک کے تمام صدور میں اسرائیل کا سب سے زیادہ ہمدرد اور بہترین دوست میں ہوں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی امریکی کونسل کی نیشنل سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدرکی حیثیت سے اسرائیل کا سب سے ہمدرد اور بہترین دوست میرے سوا کوئی اور نہیں رہا ہوگا۔ میں نے اسرائیل سے جو وعدے کیے انہیں نبھایا اور تل ابیب سے امریکی سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنے کا کٹھن کام بھی میری صدارت میں ہوا جس پر مخالفین کے ساتھ ساتھ میرے اپنے بھی ناقد ہوگئے تھے لیکن میں نے کسی کی پرواہ نہیں کی۔ مجھ سے پہلے تمام ہی امریکی صدور نے اسرائیل سے محض زبانی وعدے کیے اور کسی ایک بھی وعدے کو پورا نہیںکیا کیوں کہ وہ سب خوف زدہ لوگ تھے اور میں وعدے پورے کرنے والا صدر کہلایا جانا چاہتا ہوں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی سکالر کی رہائی پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک آپس میں ڈیل کرسکتے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ امریکہ خوش ہے کہ ایران نے اس معاملے میں تعمیری کردار ادا کیا، اس موقع پر انہوں نے رہائی میں کردار پر سوئٹزرلینڈ کا بھی شکر یہ ادا کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے سوشل میڈیا پر رہائی میں شریک تمام افراد خصوصاً سوئس حکومت کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ مسعود سلیمانی اوریووانگ جلد اپنے گھر والوں کے ساتھ ہوں گے جب کہ انہوں نے جہاز میں دوران سفر مسعود سلیمانی کے ساتھ تصویر بھی ٹوئیٹ کی ہے۔

مزیدخبریں