لاہور( نیوز رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ ساجد میر نے کہا ہے کہ مغرب قرآن کی عالمگیر دعوت کو سمجھے، اسلام امن وسلامتی کا دین ہے۔ قرآن کو جلاکر یا اہانت آمز خاکے بنا کر مسلمانوں کو مشتعل نہ کیا جائے۔ پہلے صلیبی جنگوں اور پھرنائن الیون کے بعد اسلامو فوبیا کی وبا عام ہوئی۔ یواین او کوآسمانی کتابوں اور انبیاء کرام کی ناموس کی حفاظت کے لیے عالمگیر قانون سازی کرنا ہو گی۔ لاہور پریس کلب میں مرکزی جمعیت اہل حدیث سٹی کے زیر اہتمام اسلامو فوبیا اور عظمت قرآن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا فوری اجلاس بلاکر اسلامو فوبیا پر موثر قانون سازی ہونی چاہئے۔ اقوام متحدہ میں انسداد دہشت گردی کے لسٹنگ فریم ورک پر جامع نظرثانی کی جائے۔ اسلاموفوبیا کے خلاف متحدہ محاذ تشکیل دیا جائے۔ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر نفرت پھلائی جا رہی ہے۔ مسلمان ممالک میں اتحاد کے بغیر اس لہر کے سامنے بند باندھنا ممکن نہیں ہوگا۔ اوآئی سی کی سطح پر ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کیا جائے جو مسلمان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کام اور نگرانی کرے۔ اسلام کا حسین اورسلامتی والا چہرہ سازش کے تحت مسخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سیمینار سے ڈاکٹر ریاض الرحمن یزدانی، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، علامہ معتصم الٰہی، ظہیر، حافظ بابر فاروق رحیمی، فیصل افضل شیخ، حاجی عبدالرزاق و دیگر نے بھی خطاب کیا۔