لاہور (نیوز رپورٹر ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ اگر حکمرانوں کا ایجنڈا مخالفین سے انتقام ہی ہے تووہ اپنی پارٹی کا نام ''تحریک انتقام ''رکھ لیں۔ ڈیڑھ سال میں حکمرانوں نے اپوزیشن قائدین کی گر فتاریوں اور قوم کو تسلیوں کے سواکچھ نہیں دیا۔ پنجاب حکومت صوبے میں امن وامان کے قیام میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ اپنے بیان میں علامہ زبیر احمد ظہیر نے جماعت اسلامی کے عہدیداروں کے فیروزوالا میں قتل کی شدید مذمت اور متاثرین خاندانوں اور جماعت اسلامی کی قیادت سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت آئے روز آئی جی پنجاب اور دیگر افسران کو تبدیل کر رہی ہے مگر اس کے باوجود صوبے میں امن وامان نام کی کوئی چیز نہیں کیونکہ حکمرانوں کی ساری توجہ اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنانے پر مر کوز ہے۔ لاکھوں گھر بنانے اور کروڑوں نوکریاں دینے کا اعلان کرنیوالی تحریک انصاف کی حکومت بتائے وہ گھر اور نوکر یاں کہاں ہیں؟ بدقسمتی سے موجودہ حکمران ہر شعبے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں معاشی مسائل، مہنگائی اور بے روزگاری سمیت دیگر مسائل میں بدترین اضافہ ہورہا ہے۔ نااہل حکمران ملک وقوم کیلئے کسی عذاب سے کم نہیں۔
حکمرانوں کا ایجنڈا مخالفین سے انتقام، پارٹی کا نام تحریک انتقام رکھ لیں: علامہ زبیر ظہیر
Dec 09, 2019