پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈ ل:خواجہ برادران کےجوڈیشل ریمانڈ میں23 دسمبرتک توسیع

لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتارخواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23دسمبر تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق پیراگون ہاؤسنگ کیس میں گرفتار خواجہ برادران کو لاہور کی احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ احتساب عدالت لاہورکے جج جوادالحسن نے خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس پر سماعت کی ۔ جسٹس جواد الحسن نے خواجہ سعد رفیق کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد جانے کی اجازت دے دی۔ دوران سماعت خواجہ سعد رفیق روسٹرم پرآئے اور کہا کہ میں عدالت میں کچھ کہنا چاہتا ہوں ؟خواجہ سعد رفیق نے کہا اوپن کورٹ میں ٹرائل ہر شخص کا بنیادی حق ہے ۔ہرکوئی کیس سن سکتا ہے ۔ میرے کیس میں کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں نہیں آنے دیا جا رہا ،اور  عوام سے حقائق چھپائے جا رہے ہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پولیس ہرپیشی پر وکلا، رپورٹرز اور سائلین کو کمرہ عدالت میں آنے سے روکتی ہے۔ جس پر جسٹس جواد الحسن  نے پولیس کو ہدایت کی کہ  عدالت میں آنے سے وکلا اور رپورٹرز کو نہیں روکنا ہے ۔عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈمیں 14روزکی توسیع کرتے ہوئے سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی ۔
واضح رہے کہ11 دسمبر 2018 کولاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا تھا۔ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن