فردوس عاشق کےالیکشن کمیشن کےخلاف متنازعہ بیان پرکیس کی سماعت16دسمبرتک ملتوی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے خلاف متنازعہ بیان کے معاملہ پر وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق کے متنازعہ بیان پر کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق کے متنازعہ بیان پر کیس کی سماعت قائمقام چیف الیکشن کمشنر الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے کی ۔ وکیل مسلم لیگ ن نے عدالت میں بتایا کہ ہم نے پیمرا کو بھی پارٹی بنایا ہے، وکیل پیمرا نے عدالت میں کہاکہ پیمرا آئندہ سماعت پر جواب دے گا۔ دوسری جانب فردوس عاشق اعوان  کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ انکی پٹیشن میں صرف یہ لکھا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ہم نے پیٹیشن کا جائزہ لیا ہے اس میں کچھ خاص مواد نہیں ملا۔ الیکشن کمیشن نے فردوس عاشق اعوان توہین عدالت کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈنگ کیس میں بیان بازی پر معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق کو ذاتی حیثیت میں 9 دسمبرکو طلب کیا تھا ۔فردوس عاشق اعوان کے خلاف درخواست ن لیگ نے دائر کی تھی جس میں فردوس عاشق اعوان کے خلاف الیکشن کمیشن کے بارے میں متنازعہ بیان دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ 

ای پیپر دی نیشن