ایم ڈی اے کے ریونیو میں اضافہ،شہریوں کو ریلیف دینا ترجیع ہے چیئرمین

ملتان (خبر نگار خصوصی) چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار کا کہنا ہے کہ اربوں روپے لاگت کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن کی تکمیل کے بعد ملتان شہر کی حالت بدل جائے گی، محکمے کے ریونیو اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین ایم ڈی اے کا عہدہ سنبھالنے کے بعد روزنامہ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی خصوصی ہدایت ہے کہ ملتان کے شہریوں کو فوری  ریلیف فراہم کیا جائے اور مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیئے جائیں‘ انہوں نے کہا کہ ملتان شہر میں سیوریج اور واٹر سپلائی کے اربوں روہے کے ٹینڈرز ہوچکے ہیں اور بہت جلد کام شروع ہوجائے گا ، مدنی چوک فلائی اوور پر جلد کام کا آغاز ہوگا جبکہ شہر کے تین انٹری گیٹس پر بھی کام جاری ہے۔ رانا عبدالجبار نے کہا کہ اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے بعد ملتان کے دیرینہ مسائل حل ہونگے، انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے اور واسا کے ریونیو میں اضافہ کیلئے اقدامات کیئے جارہے ہیں ، رانا عبدالجبار نے کہا کہ ملتان شہر میں بدقسمتی سے آم کے باغات کاٹ کر رہائشی کالونیاں قائم کی جارہی ہیں جس سے پھلوں کا بادشاہ خطرے میں ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ آم کے باغات کو بچایا جائے اور کوئی ایسا لائحہ عمل تیار کیا جائے کہ آم کے باغات محفوظ رہیں اور ہم آم کے باغات کا کٹائو نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی رہائشی کالونیوں کے خلاف بلاتفریق  بھرپور کریک ڈائون ہوگا اور مافیا کو عام شہریوں کے مال ہڑپ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے اور واسا میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی اور کرپٹ عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے گا، اچھا کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ نکھٹو اور کام چور لوگوں کا محاسبہ کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن