لاہور، اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری تبدیلی حکومت کے ٹریڈ مارکس بن چکے۔ کشمیر پر پسپائی سے لے کر معیشت کی بربادی تک حکمرانوں نے ناقص کارکردگی کی ہر مثال قائم کی۔ وزیراعظم بلند بانگ دعوے کریں یا دھمکیاں دیں، عوام ان کی کارکردگی کو جان چکے۔ ملک کو اسلام کی تجربہ گاہ بنانے کے لئے حاصل کیا گیا مگر گزشتہ 73 سالوں میں نام نہاد جمہوری اور مارشل لاز کے ادوار میں اسلامی پاکستان کے لئے کسی نے کوشش نہیں کی۔ جماعت اسلامی نے ظالم اشرافیہ کے خلاف جدوجہد کا آغاز کردیا۔ 25 دسمبر کو گوجرانوالہ میں بھرپور جلسہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو قرطبہ سٹی پراجیکٹ چکری اسلام آباد میں ترقیاتی کاموں کے آغاز کے لئے ہونے والی تقریب معاہدہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، نائب امراء لیاقت بلوچ، پروفیسر ابراہیم اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدترین کارکردگی کے باوجود وزیراعظم بلند بانگ دعوے کرنے کی روش ترک نہیں کر رہے۔ اداروں کو تباہ کیا، نوجوانوں کو مایوس کیا اورلوگوں کو لنگرخانوں کے باہر کھڑا کر دیا۔ سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے عوامی حقوق کے تحفظ اور ملک کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لئے بھرپور جدوجہد کا آغاز کردیا ہے۔ گوجرانوالہ میں بھرپور جلسہ 25دسمبر کو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گرین اور کلین پاکستان پر یقین رکھتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ فرد کے ذریعے معاشرے کی اصلاح کی جائے۔ انہوں نے عوام کو کرونا کی وبا کے پیش نظر بھرپور حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی۔
کشمیر پر پسپائی سے معیشت کی بربادی تک حکومت کی کارکردگی واضح ہے: سراج الحق
Dec 09, 2020