جنرل پولیسنگ اور سروس ڈلیوری پراجیکٹس کو الگ کردیا :آئی جی پنجاب

 لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ پنجاب پولیس شہریوں کی جان و ما ل کے تحفظ اورمعاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کیلئے ماڈرن پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کو موثر طور پر استعمال کر رہی ہے جس سے جرائم کے قلع قمع کے ساتھ ساتھ شہریوں کوسروس ڈلیوری کی فراہمی کے عمل میں بطور خاص بہتری آئی ہے ۔ شہریوں کی سہولت اور پولیسنگ کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے پنجاب پولیس نے جنرل پولیسنگ اور سروس ڈلیوری پراجیکٹس کو الگ کردیا ہے جبکہ موثر مانیٹرنگ اورکلوز انسپکشن سے دونوں شعبوں پر یکساں توجہ دی جارہی ہے جس سے شہریوں کو انصاف کی بلا تاخیر فراہمی اور خدمات کے فوری حصول میںنہ صرف مزید تیزی اور شفافیت آئی ہے بلکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد و تعاون کی فضا بہتر سے بہتر ہورہی ہے ۔ان خیالا`ت کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی گلگت  بلتستان ڈاکٹر مجیب الرحمان خان سے ملاقات کے دوران کیا ۔ آئی جی پنجاب نے جنرل پولیسنگ اور سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے جاری اقدامات سے آئی جی گلگت  بلتستان کو آگاہ کیا۔دورا ن ملاقات آئی ٹی، ٹریننگ اور تفتیش کے شعبوںمیں تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے بھی کیا گیا۔آئی جی گلگت  بلتستان ڈاکٹر مجیب الرحمان خان نے گلگت  بلتستان کے الیکشن کے دوران سکیورٹی خدمات میں معاونت فراہم کرنے پر پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران و جوانوں نے الیکشن کے سخت ماحول میںجس فرض شناسی کیساتھ فرائض سر انجام دئیے وہ لائق تحسین ہے ۔ موثر پولیسنگ اور سروس ڈلیوری میں بہتری کے حوالے سے پنجاب پولیس کے جدید آئی ٹی پراجیکٹس قابل تقلید ہیں جبکہ پنجاب پولیس کیساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھایا جائیگا ۔ ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے آئی جی گلگت  بلتستان کو پنجاب پولیس کی جانب سے یادگاری سوونیئرپیش کیا ۔

ای پیپر دی نیشن