شوقیہ سیاسی فنکاروں کو حکومت گرانے کا شوق ہے تو تحریک عدم اعتماد لے آئیں: فردوس عاشق

Dec 09, 2020

لاہور‘ سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج سیالکوٹ کا دورہ کریں گے۔ اپنے دورہ کے دوران وزیراعظم عمران خان بزنس کمیونٹی، سیاسی اور سماجی شخصیات سے خصوصی ملاقات، ایئر سیال ایئر لائنز اور مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کا افتتاح کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے بزنس کمیونٹی کو اعتماد دیا، حکومتی اقدامات کی بدولت پاکستا ن کی معیشت درست سمت  پر گامزن ہے۔ شوباز شریف نے چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں کو نظر انداز کیا اور سارا پیسہ لاہور کے میگا پراجیکٹس پر لگایا۔ تحریک انصاف یکساں ترقی کے تقاضے پورے کرتے ہوئے فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنا رہی ہے۔ جہاں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوگی‘ وہاں قانون حرکت میں آئے گا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ نے سکیورٹی کے نام پر جتھوں اور ملیشیا فورس کو قانون کے تابع لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جعلی استعفے پیش کرنے سے حکومتیں ٹس سے مس نہیں ہوتیں۔ پارلیمنٹ سے باہر بیٹھے افراد اقتدار کیلئے ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے پانی کے بغیر مچھلی تڑپتی ہے۔ فضل الرحمن کو یقین ہو گیا کہ لائف ٹائم پارلیمنٹ کا گیٹ ان کیلئے بند ہو گیا ہے۔ یہ جتھے ان کا ذاتی سکیورٹی سکواڈ ہے۔ سکیورٹی ایجنسیز کے ساتھ ملتے جلتے یونیفارم پہنا کر جتھوں کو سڑکوں پر اگر کوئی لاتا ہے تو ریاست کا ڈنڈا ان کا استقبال کرے گا۔ کرونا وباء کے باوجود پی ڈی ایم ٹولے کا غیر ذمہ دارانہ رویہ شرمناک ہے۔ان عناصر کا گھٹیا بیانیہ اپنی موت آپ مرچکا ہے۔ کرونا میں عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو کوئی شرم ہے نہ حیا۔پنجاب میں 24گھنٹے کے دوران 41مریض جاں بحق ہوئے اور429کنفرم کیسز سامنے آئے ۔ اپوزیشن کو عوام کی زندگیوںکی رتی بھر بھی پروا نہیں۔ موجودہ صورتحال میں اجتماعات کرنا حماقت اور پاگل پن ہے۔پی ڈی ایم کا ٹولہ عوام کو اپنی منفی سیاست کی بھینٹ چڑھانا چاہتا ہے۔ محب وطن عوام ان مسترد شدہ لٹیروں کے جھانسے میں نہیں آئیںگے۔ 13دسمبر کو ناکامی ان کا پھر مقدر بنے گی۔ پنجاب حکومت سیالکوٹ میں صحت‘ تعلیم سمیت مفاد عامہ کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ ہنرمند پروگرام سے سیالکوٹ کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے ساتھ مقامی انڈسٹری کو سکلڈ لیبر کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سیالکوٹ میں واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر آفس میں کابینہ اجلاس کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا 38 ویں اجلاس میں صوبے میں 5سیمنٹ پلانٹ لگانے کیلئے 200ارب روپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دی گئی ہے۔ کاروبار میں آسانی کیلئے پہلی بار صرف90روز کے اندر سیمنٹ پلانٹس لگانے کیلئے این اوسیز کا اجراء کیاگیا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ اضلاع میں مقامی ٹیچرز کی بھرتی کیلئے پالیسی کی منظوری دی گئی جس سے ان اضلاع میں اساتذہ کی کمی پوری کی جائے گی۔کابینہ نے ٹڈی دل، بارش اورسیلاب سے متاثرہ 20اضلاع کیلئے دس کروڑ نوے لاکھ کے امدادی پیکج کی منظوری بھی دی ہے۔ وزیراعلیٰ کے ڈیجیٹل پنجاب ویژن کے تحت آن لائن کالج ایڈمیشن سسٹم اور محکمہ ہائر ایجوکیشن کو بینک آف پنجاب کے ساتھ آن لائن کالج ایڈمیشن کے لئے معاہدہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم کے لاہور میں جلسے سے متعلق صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں، پی ڈٰ ایم کی ہر جماعت کا ایجنڈا اسکی ذات کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کو حکومت گرانے کا اتنا ہی شوق ہے تو آئینی راستے پر چلتے ہوئے اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لے آئیں۔ کچھ شوقیہ سیاسی فنکار اپنی سیاست کا نشہ پورا کرنے کیلئے کرونا کے ماحول میں معصوم عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

مزیدخبریں